اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)پاک بحریہ کے مقامی طور پر تیار کردہ فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل پی این ایس ہیبت کی کمیشننگ تقریب اور تیسرے 16 ٹن بولارڈ پل ٹگ PNT GOGA کی شمولیت کی تقریب گذشتہ روز کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پی این ایس ہیبت پہلا لینڈ مارک پروجیکٹ ہے جسے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس نے مقامی طور پر ڈیزائن کیا ہے اور اسے KS&EW نے بغیر کسی غیر ملکی تکنیکی مدد کے بنایا گیاہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ پی این ایس ہیبت کا آغاز مقامی ڈیزائن اور تعمیر میں ایک نئے باب کا آغاز کرتا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید پختہ ہو گیا ہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی مجموعی سیکیورٹی کے تناظر میں پی این ایس ہیبت سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بحری چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا۔