8 ماہ میں پاکستان کا جاری خسارہ 12 ارب ڈالر رہا : ریٹنگ ایجنسی موڈیز 

Apr 01, 2022


 اسلام آباد (این این آئی)بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے تحریک عدم اعتماد کے تناظر میں پاکستان کی ریٹنگ منفی قرار دیدی۔موڈیز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاکستان میں پالیسی کے تسلسل پر سوالیہ نشان ہے، تحریک عدم اعتماد حکومت کے ریفارمز متعارف کرانے کی صلاحیت پر اثر انداز ہو گی۔ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے کہا گیا کہ بیرونی فنڈنگ کے حصول میں تحریک عدم اعتماد رکاوٹ ہو گی اور آئی ایم ایف سے فنڈنگ کے حصول میں دشواریاں رہیں گی۔موڈیز نے کہا کہ 8 ماہ میں پاکستان کا جاری خسارہ 12 ارب ڈالر رہا جبکہ رواں مالی سال جاری خسارہ جی ڈی پی تناسب سے 5 سے 6 فیصد رہے گا، اس سے قبل جاری خسارہ جی ڈی پی تناسب سے 4 فیصد رہنے کے اندازے تھے۔ایجنسی کے مطابق مارچ کے اوئل سے پاکستان کے آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، آئی ایم ایف نے حکومت کے ریلیف پیکیج پر تحفظات کا اظہار کیا ۔موڈیز نے کہا کہ عدم اعتماد کا نتیجہ جو بھی ہو حکمران جماعت کیلئے آمدن بڑھانے کے ریفارم ، بیرونی فنانسنگ کے حصول اور مہنگائی کے سبب حکمران جماعت کیلئے پیش رفت مشکل ہو گی۔

مزیدخبریں