اسلام آباد(نا مہ نگار)قائد اعظم یونیورسٹی،اسلام آباد میں انتظامیہ نے فیمنزم پر ہونے والا مذاکرہ مبینہ طور پرشر پسند عناصر کی طرف سے مخالفت کی وجہ سے منسوخ کر دیا ہے،تفصیلات کے مطابق سکول آف پولیٹکل سائنس اینڈ انٹر نیشنل ریلیشنزکے ڈیبیٹ کلب(speaking fraternity)کے تحت گذشتہ روز "فیمنزم"(عورتوں کو مساوی حقوق دینے )کے موضوع پر مذاکرہ ہونا تھا جسے انتظامیہ کی جانب سے عین موقع ہر بغیر کوئی وجہ بتائے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مذاکرے کے شرکا اور مقررین نے اس مثبت علمی سرگرمی کی اچانک منسوخی پر تعجب اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرہ کچھ شرپسند گروہوں سے وابستہ افراد کے دبائو کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے ۔ ڈیبیٹ کلب کی طرف سے مقررین کو ایک ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کے کچھ مسائل کی وجہ سے اس مذاکرے کو منسوخ کر دیا گیا ہے ،جب اس حوالے سے ڈیبیٹنگ کلب کے صدر عثمان اعجاز سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹ کے مسائل کی وجہ سے اسے منسوخ کیا گیا ہے تاہم کسی دبائو کی بات درست نہیں جبکہ ڈیپارٹمنٹ کے کوارڈینٹر ڈاکٹر ثمر رائو نے ’’نوائے وقت‘‘کو بتایا کہ رواں ماہ یو نیورسٹی 15روز کیلئے بند رہی جس کی وجہ سے اس مذاکرے کو منسوخ کیا گیا ہے ۔
قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ فیمنزم پر ہونے والا مذاکرہ منسوخ
Apr 01, 2022