ڈپٹی کمشنر کوہلو، ونگ کمانڈر میوند رائفل کی گرنسی میں کھلی کچہری

Apr 01, 2022

کوہلو ( نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان مگسی نے ونگ کمانڈر میوند رائفل لیفٹیننٹ کرنل مقتدیٰ حسین کے ہمراہ سب تحصیل گرسنی کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔اس موقع پر عمائدین و عوام نے علاقے کے بنیادی مسائل صحت ،تعلیم ،پانی و دیگر مسائل کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ عمائدین و شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قربان مگسی نے کہا کہ علاقے کے عوام کو حکومتی سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کے دہلیز پر میسر کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے،حکومتی اعلان کردہ ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہے،صحت ،تعلیم و پینے کے پانی جیسے بنیادی مسائل کے فوری حل کے لئے جامع منصوبہ بندی کررہے ہیں اس حوالے سے شہریوں ،عمائدین ،سماجی کارکن ،انتظامیہ و دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔  ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کتال ،گورنمنٹ بوائز ہائی سکول غلام رسول ڑنگ اور بنیادی مرکز صحت کتال گرسنی کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ، ایف سی ،محکمہ تعلیم کے افسران اور علاقے کے عمائدین پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو سرکاری تعلیمی اداروں ، مراکز صحت اور پینے کے پانی کے منصوبوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے کر ہفتہ وار ڈپٹی کمشنر کوہلو کو رپورٹ دینے کا پابند رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر قربان مگسی اور ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل مقتدیٰ حسین کے ہمراہ ضلع ناظم تعلیم جعفر زرکون، ضلعی تعلیمی آفیسر حفیظ اللہ مری، رسالدار میجر مولاداد ،وڈیرہ احمد نواز ڑنگ و دیگر تھے۔

مزیدخبریں