پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ تین سال کے دوران زراعت، صنعتوں اور تعمیرات سمیت معیشت کے پیداواری شعبوں کےلئے پالیسی میں تبدیلیوں کی وجہ سے ملازمتوں کے پچپن لاکھ سے زائد مواقع پیدا کئے۔منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر اسد عمر نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ گیارہ لاکھ پاکستانی روزگار کمانے کےلئے بیورو آف امیگریشن کےذریعے بیرون ملک بھی گئے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ ہماری حکومت میں روزگار فراہم کرنے کی شرح مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت کے مقابلے میں باسٹھ فیصد زیادہ ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ہم نے معیشت کو درست سمت میں گامزن کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات بھی ریکارڈ سطح کو چھو رہی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔