اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے جمعہ کو اسلام آباد میں مفت آٹے کی فراہمی کے مرکز کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں جو لوگ شامل نہیں ہیں ان کے لئے الگ کاﺅنٹر بنائے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے آٹا کی تقسیم کے لئے سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پروزیراعظم نے معمر شہریوں کو انتظار کرائے بغیر ان کو فوری آٹے کی فراہمی کی ہدایت کی۔ انہوں نے مستحق افراد میں اپنی نگرانی میں مفت آٹا تقسیم کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آٹا تقسیم کے لئے اچھے انتظامات کئے گئے ہیں،عوام کی تعداد خاصی زیادہ ہے، بیٹھنے کی مناسب سہولیات خوش آئند ہے، ہم نے آپریشنل مسائل میں رکاوٹیں ختم کرنا ہیں،انتظامیہ دلجمعی سے کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کمشنر کو ہدایت کی کہ فوٹو کاپی پر آٹے کی فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل بناکر فوری آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کارکردگی خاصی حوصلہ افزاء ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات بائیو ٹیک کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے حکمران خاندان کے رکن شیخ احمد دلموک المکتوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایک وفد کے ہمراہ جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے حیات بائیو ٹیک کی جانب سے پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر بالخصوص ویکسین کی تیاری میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ وفد کو قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دی اور یقین دلایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ معزز مہمان نے وزیر اعظم کو حکومت سندھ کے تعاون سے شروع کئے گئے 1200 میگاواٹ کے پاور پلانٹ منصوبے کے بارے میں بھی بتایا جو شمسی اور ہوا سے توانائی کا ایک ہائبرڈ پاور پلانٹ ہوگا۔
شناختی کارڈ کی کاپی پر آٹا کیسے مل سکتا ، لائحہ عمل بنائیں : وز یراعظم
Apr 01, 2023