لاہور (خبر نگار) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے آبائی علاقے کھرڑ بزدار میں 16 گھوسٹ سکولوں کا انکشاف ہوا ہے۔ عثمان بزدار کے علاقے کھرڑ بزدار میں 14 پرائمری سکول گھوسٹ ہیں، جن میں گورنمنٹ پرائمری سکول بستی غلام رسول، غلام مصطفی، ملک شیر محمد، تاج محمد، لال محمد، عبدالرحیم، احمد جٹ، حاجی دینو طور خان بزدار، دین محمد در خان، حیات محمد، رفیق مار ین، ماجیانی کھرڑ بزدار اور اللہ بخش شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کھرڑ بزدار میں گورنمنٹ گرلز مڈل سکول اور ایک ہائی سکول بھی گھوسٹ ہیں۔ ان 16 سرکاری سکولوں کی عمارتوں پر بزدار خاندان کے افراد کا قبضہ ہے۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق سرکاری سکولوں کی عمارتوں کو بطور ڈیرے اور ہائش گاہیں استعمال کیا جا رہا ہے اور محکمہ ایجوکیشن پنجاب کی طرف سے تمام سکولوں کے فنڈز باقاعدگی کے ساتھ جاری ہورہے ہیں اور تمام سکولوں کے اساتذہ ہر مہینے اپنی تنخواہیں بھی باقاعدگی سے وصول کر رہے ہیں۔