لاہور‘ اسلام آباد‘ شمالی وزیرستان‘ مردان‘ سبی (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی ارشاد اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 29 سالہ شہید سپاہی ارشاد اللہ کا تعلق ڈسٹرکٹ کرک سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ جبکہ مردان میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ایک دہشت گرد جہنم واصل جبکہ اہلکار شہید ہو گیا۔ سی ٹی ڈی پولیس نے مردان کے علاقہ جہانگیر آباد میں چھاپہ مارا۔ فائرنگ سے سی ڈی پولیس اہلکار شہید ہو گیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے مبینہ دہشت گرد بھی مارا گیا۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے نوشمان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے جس کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سبی کے علاقے نوشمان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ یہ دہشت گرد شہریوں کو نشانہ بنانے اور کوئلہ کان کو ہراساں کرنے میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔ جبکہ انسداد دہشتگردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 9 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 9 دہشتگردوں نذیر، فہد، ارشد، عثمان، شیر محمد، طاہر، وزیر اور عبدالرشید کو گرفتار کرلیا گیا۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ان دہشتگردوں کو گوجرانوالہ، راولپنڈی اورسرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔