دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی پولیس کا انوکھا کارنامہ، 9 سال قبل غائب ہونے والی لڑکی کو ’مقتولہ‘ قرار دے کر باپ اور بھائی پر قتل کا الزام عائد کرکے لاش بھی برآمد کر لی لیکن 9 سال بعد ’مقتولہ‘ قرار دی گئی لڑکی اچانک زندہ واپس لوٹ آئی، باپ اور بھائی قتل کے الزام میں جیل کاٹتے رہے۔ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے چندوارا سے 2014 میں کنچن نامی 14 سالہ لڑکی اچانک غائب ہو گئی تھی جس کی گمشدگی کی شکایت والد کی مدعیت میں درج کی گئی۔ تاہم طویل عرصے تک تلاش کے باجود پولیس لڑکی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ کنچن کو اس کے بھائی نے قتل کرنے کے بعد والد کی مدد سے گاؤں کے قریب آم کے باغات میں دفن کر دیا تھا۔ پولیس نے کنچن کے والد اور بھائی کو گرفتار کر لیا تھا، والد ایک سال بعد ضمانت پر رہا ہوگئے۔ تاہم بھائی، کنچن کے قتل کے الزام میں جیل میں قید رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کنچن نے گھر والوں سے ناراضگی کے باعث گھر سے فرار ہونے کے بعد اجین میں رہائش اختیار کر لی تھی جہاں اس نے شادی بھی کر لی اور اب وہ دو بچوں کی ماں ہے۔