’’مودی ہٹائو۔دیش بچائو‘‘مہم کو تیز کیا جائیگا، عام آدمی پارٹی

Apr 01, 2023

نئی دلی(این این آئی)بھارت میں عام آدمی پارٹی کے دہلی کے ریاستی کنوینر گوپال رائے نے کہا ہے کہ ’’مودی ہٹائو۔۔۔ دیش بچائو‘‘مہم کو تیز کرنے کیلئے ملک بھر کے طلباء کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق گوپال رائے نے نئی دلی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عام آدمی پارٹی پورے ملک میں ’مودی ہٹائو دیش بچائو‘ کی پوسٹر مہم چلا رہی ہے ، یہ پوسٹر 22ریاسوں میں مختلف زبانوں میں لگائے جا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مودی نے کسانوں کو دھوکہ دیا جس کی وجہ سے کسانوں میں مایوسی پھیل گئی ہے، ملک میں مزدوروں کیلئے جو قوانین تھے انہیں چار قوانین میں ضم کر دیا گیا، ملک کی تمام یونیورسٹیوں میں طلباء پر ظلم کیا گیا ، بھارتی نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے ملک کے جمہوری نظام کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ گوپال رائے نے مزید کہا کہ آزاد ایجنسیاں اس لیے بنائی گئی تھیں تاکہ کسی بھی چیز کی غیر جانبداری سے تفتیش کی جاسکے لیکن ان ایجنسیوں کی آزادی کو ختم کرنے اور انہیں کنٹرول کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عدلیہ کو بھی دبائومیں لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا ملک مودی کی گرفت میں ہے اور ہر طرف آمریت ہے۔

مزیدخبریں