لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پھرموقع ملنے پر خوشی ہے، پاکستان کےساتھ ڈربی شائر بھی مجھے بہت عزیز ہے۔ نجم سیٹھی کو کہتا رہا ہوں کہ ڈربی شائرمیرے لیے بہت اہم ہے، ڈربی شائرکےساتھ میرا چار سال کا معاہدہ ہے، ابھی ایک سال ہوا ہے، میں پاکستان کے تمام کھلاڑیوں کےساتھ رابطے میں رہا ہوں، پاکستان ٹیم کو مینج کرنا اہم ہے، میرے تعلقات ان کےساتھ اچھے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کیلئے معاملات طے پا گئے جس کی تفصیلات کا اعلان بورڈ جلد کرے گا۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کوچنگ سٹاف کو لیڈ کریں گے، وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، ان کے دور میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، مکی آرتھر ڈربی شائر کےساتھ بھی کام کرتے رہیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کوچنگ سٹاف کو رواں ہفتے حتمی شکل دی جائےگی، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوچنگ سٹاف کیلئے معاملات تقریبا طے پا چکے ہیں، نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کیلئے نیا کوچنگ سٹاف ذمہ داریاں سنبھالے گا۔مکی آرتھر کے علاوہ گرانٹ بریڈ برن کو کوچنگ سٹاف میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، انہیں ہیڈ کوچ بنایا جا سکتا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ باﺅلر مورنی مورکل کو باﺅلنگ اور جنوبی افریقہ کے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔