حافظ پروجیکٹ
’’المصطفیٰ‘‘ کی طرف سے پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں حافظ پروجیکٹ کے تحت قرآن حفظ کرنے والے خوش نصیب طلباء و طالبات کو ہر ماہ وظیفہ پیش کیا جاتا ہے اور قرآن مجید کی تدریس کے فرائض سرانجام دینے والے اساتذہ کرام کی تنخواہیں بھی المصطفیٰ کی طرف سے ادا کی جاتی ہیں۔ 2022ء کے دوران المصطفیٰ کی طرف سے 11246 حفاظ کو سپانسرڈ کیا گیا۔ المصطفیٰ کی سپانسر شپ سے قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے 479 حفاظ نے 2022ء کے رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح میں قرآن مجید سنانے کا شرف حاصل کیا جبکہ 711 حفاظ قرآن حفظ کرنے کے بعد اب قرآن کی تدریس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور 3135 بطور استاد عالم کورس پڑھا رہے ہیں۔
کلین واٹر پروجیکٹ
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مختلف پسماندہ خطوں اور ملکوں سمیت پاکستان کے صوبہ سندھ میں محرومیوں کے شکار علاقہ تھر اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کی زد میں آئے ہوئے چولستان میں کلین واٹر پروجیکٹ نتیجہ خیزی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس منصوبہ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے غریب گھروں، عوامی گزرگاہوں اور پبلک مقامات پر واٹر پمپس کی تنصیب کے علاوہ غریب کاشت کاروں کے لیے آبپاشی کی غرض سے ٹیوب ویل لگائے جاتے ہیں۔ المصطفیٰ کی طرف سے 2022ء کے دران 13447 سمال واٹر ویلز کی تنصیب و تکمیل کی گئی۔ 398 کمیونٹی واٹرویل ، 6834 الیکٹرک واٹر ویل، 522 لارج واٹر ویل، 9 کلین واٹر پلانٹس کی تنصیب کی گئی ہے۔ المصطفیٰ کے کلین واٹر پروجیکٹ کے ذریعے ایک ملین افراد کو صاف پانی میسر آیا۔
قربانی پروجیکٹ
’’المصطفیٰ‘‘ کی طرف سے ہر سال عید الاضحیٰ کے موقع پر مختلف ممالک کے کئی شہروں اور دیہاتوں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریب ، محروم اور نادار خاندانوں میں انتہائی منظم طریقے سے شاندار پیکنگ میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔ 2022ء کی عید قربان کے موقع پر 2.9 ملین افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔ پاکستان کے 35 شہروں میں 1332 جانور ذبح کر کے اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان کے علاوہ افغانستان، بھارت، ملاوی، بنگلہ دیش، غزوہ فلسطین، نائیجیریا اور گیمبیا، صومالیہ، سوڈان، البانیہ، کینیا، سری لنکا میں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس سال پاکستان میں چمن بارڈر پر افغان مہاجرین اور مظفر آباد آزاد کشمیر میں کشمیری مہاجرین کے لیے جبکہ بنگلہ دیش کے سیلاب زدہ علاقے میں اجتماعی قربانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
المصطفیٰ ٹرسٹ نے 2022ء کے دوران 15 ملین افراد تک پہنچنے اور کسی نہ کسی شکل میں ان کی مدد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ المصطفیٰ کے چھبیس سکولز میں 8349 طلباء مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ المصطفیٰ کی طرف سے 4263 یتیم بچوں کو سپانسر کیا جا رہا ہے۔ ان یتیم بچوں کی تعلیم، رہائش ، خوراک، لباس سمیت تمام ضروریات زندگی کی مکمل ذمہ داری المصطفیٰ سرانجام دے رہا ہے۔ مختلف ممالک میں ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر کے دوران 1.6 ملین افراد کی مدد کی گئی۔ غریب گھرانوں میں اشیائے خورد و نوش پر مشتمل 64370 فوڈبیگ تقسیم کئے گئے۔ آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد میں 801249 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے۔ ’’المصطفیٰ ‘‘ کی طرف سے 2022ء کے دوران 56 نئی مساجد تعمیر کی گئیں جبکہ 62 پرانی مساجد کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا گیا۔ المصطفیٰ کے کیمپوں میں 559279 افراد کی ہیپاٹائٹس سکریننگ کی گئی۔ المصطفیٰ کے کیمپوں میں 1219453 افراد کی اوپی ڈی سکریننگ کی گئی۔ المصطفیٰ کی طرف سے 683 سکولوں میں میڈیکل کیمپ لگائے گئے۔ المصطفیٰ کی طرف سے 36 ہسپتالوں کی مختلف صورتوں میں مدد کی گئی اور 26 سکولز تعمیر کئے گئے ۔ المصطفیٰ کے زیر اہتمام 1411 معذور افراد کیلئے سمال بزنس سیٹ اپ کا بندوبست کیا گیا۔ ہونٹ کٹے تالو کٹے بچوں کے 8 ہزار آپریشن کر کے ان بچوں کے چہروں کی مسکراہٹ بحال کی گئی۔ المصطفیٰ کے نیٹ ورک میں 192 ایمبولینسیں کام کر رہی ہیں۔ نیبر فرسٹ پراجیکٹ کے تحت 22700 فوڈ بیگ تقسیم کئے گئے۔
Green World the Make پراجیکٹ کے تحت
پاکستان میں پچاس ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔ بھٹہ مزدوروں کو مالکان کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے اْن کے قرض ادا کرنے کی مہم کے تحت 64 بھٹہ مزدور خاندانوں کو آزادی دلائی جا چکی ہے۔
اجتماعی شادیاں
’’المصطفی‘‘ کے پلیٹ فارم پر ہر سال ربیع الاول کے مقدس مہینے میں فیصل آباد، کامونکی اور دوسرے کئی شہروں میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریب بچیوں کو ضروری گھریلو سامان پر مشتمل جہیز کے ساتھ رخصت کیا جاتا ہے۔ ان اجتماعی شادیوں میں باراتیوں کو کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے۔ المصطفیٰ کی مخلصانہ کوششوں سے اب تک ہزاروں یتیم اور غریب بچیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں۔
شام اور یمن میں خانہ جنگی سے متاثرین کیلئے المصطفیٰ کی خدمات
شام میں پچھلے کئی سال سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے لاکھوں شامی مہاجرین مختلف ممالک میں پناہ گزیں ہو چکے ہیں۔ ان بے گھر شامی مہاجرین کے لیے ’’المصطفیٰ‘‘ کی امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔ میں خود اپنی ٹیم کے ساتھ برطانیہ سے امداد لے کر ترکی میں پناہ گزیں شامی مہاجرین تک پہنچا۔ اسی طرح خانہ جنگی سے متاثرہ یمن میں بھی ’’المصطفیٰ‘‘ انٹرنیشنل آرگنائزیشن‘‘ ڈاکٹرز ود آٹ بارڈرز‘‘ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ یمن میں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں فوڈبیگز کی تقسیم اور میڈیکل و آئی کیمپ لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔
برما کے مظلوم رہنگیا مسلمانوں کی امداد
بنگلہ دیش میں پناہ گزیں برما کے بے گھر مظلوم رہنگیا مسلمانوں کی داد رسی کے لیے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ فلاحی کام ’’المصطفیٰ‘‘ کو سرانجام دینے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔ المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد خود کئی بار روہنگیا مسلمانوں کے لیے امداد لے کر بنگلہ دیش اور برما جا چکے ہیں۔ المصطفیٰ کی طرف سے اب تک ایک ملین پونڈ کی رقم روہنگیا مسلمانوں کی بحالی اور داد رسی کے لیے خرچ کی جا چکی ہے۔بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں قائم روہنگیا مسلمانوں کے مہاجر کیمپوں میں ’’المصطفیٰ‘‘ کے میڈیکل کیمپ مسلسل کام کر رہے ہیں اور فوڈ بیگز کی تقسیم کا سلسلہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔