لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا ۔ پاکستان ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان ہیں اور آل راﺅنڈر شاداب خان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں بابر اعظم کے نائب کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ شاداب خان کو اس عہدے سے ہٹانے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے والے شاداب خان 2020 ءمیں نائب کپتان بنائے گئے تھے۔دسمبر 2020 میں شاداب خان نے بابر اعظم کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ میں تین ٹی ٹونٹی میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی۔اس ماہ جب قومی سلیکشن کمیٹی نے افغانستان کے خلاف شارجہ میں تین ٹی ٹونٹی میچز میں کپتان بابر اعظم سمیت 5سینئر کرکٹرز کو آرام کروایا تو شاداب خان نے قیادت کے فرائض انجام دیئے ۔ دونوں سیریز میں بطور کپتان شاداب خان کو 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔جنوری 2023 میں پی سی بی نے نیوزی لینڈ کےخلاف 3ون ڈے میچز میں ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کو بابر اعظم کا نائب مقرر کیا تھا، اس سیریز میں شاداب خان انجری کے باعث شرکت نہیں کرسکے تھے۔اب اطلاعات ہیں کہ کرکٹ بورڈ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی دونوں فارمیٹس سے شاداب خان کو نائب کپتانی سے ہٹانے کا خواہش مند ہے اور اس تناظر میں شروعات نیوزی لینڈ کےخلاف اپریل 2023 میں منعقدہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز سے کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ سلیکشن کمیٹی نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز میں شاداب خان کی جگہ لیگ بریک گگلی باﺅلر اسامہ میر کو کھلانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ افغانستان کےخلاف سیریز میں انہیں تین ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا تھا۔
ون ڈے ، ٹی ٹونٹی نائب کپتان شاداب خان کی تبدیلی پر غور
Apr 01, 2023