لاہور(کلچرل رپورٹر) پاکستانی فلم انڈسٹری پر بین الاقوامی اعزازات کی برسات ہوگئی، مین سٹریم کی 2 فلموں سمیت کئی مقامی فلموں نے مسی ساگا میں منعقد ہونے والے میوزک انٹرنیشنل ساﺅتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ سرمد کھوسٹ کی فلم کملی، صائم صادق کی جوائے لینڈ اور جمائمہ خان کی تحریر کردہ اور سجل علی کی ادکاری سے مزین بین الاقوامی فلم واٹ لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ؟ نے فلم فیسٹیول میںکئی اعزازات اپنے نام کئے ۔ فلم جوائے لینڈ نے چار ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں جن میں بیسٹ انٹرنیشنل فیچر، بیسٹ اسکرین پلے، بیسٹ سانڈ ڈیزائن اور بیسٹ ایکٹر فیمیل شامل ہیں۔ جبکہ سرمد کھوسٹ کی فلم کملی میں نابینا خاتون کا کردار نبھانے والی اداکارہ ثانیہ سعید نے اپنی متاثرکن کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔ پاکستانی ارینج میریجز کی روایت پر مبنی جمائمہ خان کی رومانوی کامیڈی فلم واٹ لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ نے بہترین کاسٹ کے جیوری پرائز سے نوازا گیا۔پاکستانی فلم ساز علی سہیل جورا کی فلم مرڈر ٹنگ نے بہترین بین الاقوامی شارٹ فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ دستاویزی فلم ساز اریبہ نوید اور فاطمہ سید کی دستاویزی فلم مائی باڈی، یور جوائس کو بہترین مختصر دستاویزی فلم کے اعزازی ایوارڈ سے نوازا گیا۔عادل بزنجو کی ہدایت کاری میں بننے والی بلوچی فلم ڈوڈا کو اسپیشل جیوری پرائز سے نوازا گیا۔