مساجد، امام بارگاہوں‘ مزاروں، مارکیٹوں‘ اہم مقامات کی سکیورٹی سخت

لاہور(نمائندہ خصوصی)ماہ صیام کے دوسرے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس کی طرف سے مساجد، امامبارگاہوں‘ مزاروں، مارکیٹوں اور اہم مقامات سمیت شہر بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔ملکی حالات کے پیش نظر سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پرجمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کے مربوط انتظامات کئے گئے تھے۔شہر کی داخلی و خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر تمام آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ڈویژنل ایس پیز،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں قائم مساجد اورامام بارگاہوں سمیت سینئر پولیس افسران اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کا جائز لیتے رہے۔شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی جاری رہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر لاہور کے تمام تھانوں کی حدود میں ناکے لگائے گئے۔اہم شاہراہوں، مارکیٹوں،مالیاتی اداروں،پبلک مقامات اور کرائم ہاٹ سپاٹس پر ناکے لگائے گئے۔سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کا مقصد سکیورٹی مزید موثر بنانا اور جرائم پیشہ و امن دشمن عناصر کی سرکوبی ہے۔ایس ایچ اوز اور چوکی انچارج ناکوں پر خود موجود رہ کر چیکنگ کے عمل کی نگرانی کرتے رہے۔ ایس پیز اور سپروائزری افسران ناکوں پر چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور نفری کو بریف کیا۔چیکنگ کے دوران شہریوں کیساتھ عزت و احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران اور اہلکار دوران چیکنگ ناکوں پر مشکوک افراد،منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ پر کڑی نظر رکھیں۔ناکوں پر تعینات اہلکار الرٹ ہوکر ڈیوٹی کریں،دونوں اطراف کی آمدورفت پر نظر رکھیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر بھر میں ناکے لگائے گئے۔سرچ آپریشنز کے دوران بائیومیٹرک اور جدید اینڈرائیڈ سیٹ کے ذریعہ تمام مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ مشکوک افراد کی مکمل تصدیق کریں اور عدم تصدیق پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ لاہور پولیس شہریوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔ داتا کی نگری امن و سلامتی کا گہوارہ ہے۔لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن