لاہور(خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جاپانی کمپنی کی طرف سے 35 فیصدتک سستے تیل،گیس کی پیشکش فوری قبول کی جائے۔ معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے روس اورایران سے بھی انرجی معاہدے کئے جائیں۔پائی پائی کا محتاج پاکستان پٹرولیم مصنوعات پر سالانہ 27ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ سستی انرجی سے زر مبادلہ پر بوجھ کم ہو گا اور عوام کو بھی سستے پٹرول،ڈیزل دینے کی راہ ہموار ہو گی۔گزشتہ روز انہوں نے کہاکہ مہنگے پٹرول،ڈیزل اور بجلی،گیس نے پاکستان میں نظام معیشت و معاشرت کو جام کر دیا ہے اور پاکستان عالمی تجارتی منڈیوں سے آؤٹ ہو گیا ہے اگر ہنگامی اقدامات نہ کئے گئے تو پاکستان ملٹی نیشنل کمپنیوں کی صارف مارکیٹ بن کر رہ جائے گا۔سروے اور اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں ٹریلین مکعب فٹ گیس اور ساحلی پٹی پر اربوں بیرل کے تیل کے ذخائر موجود ہیں مگر سیاسی بدامنی،جمہوریت کے عدم تسلسل،کرپشن،نااہلی اور سازشوں کی وجہ سے قدرت کے ان معدنی خزانوں سے استفادہ نہیں کیا جا سکا۔ معاشی استحکام کیلئے سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ضروری ہے۔آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے ہی پاکستان کو بحرانوں سے نجات ملے گی۔