پاکستان تحریک انصاف کےسربراہ اور سابق وزیر اعظم کاکہنا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کےبعد سوشل میڈیا پر بھی تحریک انصاف کو بلیک آؤٹ کیا جارہا ہے ، ہمارے سوشل میڈیا کے لوگوں کو غائب کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔لاہور میں نیوز کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ ٹی وی چینلز پر اس قدر دباؤ ڈالا گیا ہے کہ وہ میری تقاریر نہیں دیکھاتے اور اب سوشل میڈیا ٹیم کے خلاف بھی غیر قانونی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران میں دھنستا جا رہا ہے، پاکستان کا روپیہ نیچے اور قرضے بڑھتے جا رہے ہیں، آٹے کی لائنوں میں لگے لوگ مر رہے ہیں، پاکستان میں ایسے حالات کبھی نہیں دیکھے، ان کو نظر آ رہا ہے الیکشن ہوگا تو ان کی سیاسی موت ہو جائے گی، اب یہ کہہ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کی حفاظت کرنے والا ادارہ ہے، یہ لوگ الیکشن سے خوفزدہ ہو کرعدلیہ پر حملے کر رہے ہیں، انہی جج صاحبان نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا تھا، میں نے الیکشن کا اعلان کر دیا تھا، رات کو 12 بجے عدالتیں کھل گئی تھیں، میں نے کبھی عدلیہ پر تنقید نہیں کی، اب وہی عدلیہ فیصلہ دینے لگی ہے تو تنقید شروع کر دی، ان کے مطلب کا فیصلہ آئے تو ٹھیک ورنہ تنقید شروع کر دیتے ہیں۔
پی ڈی ایم الیکشن سے خوفزدہ ہو کرعدلیہ پر حملے کر رہی ہے،عمران خان
Apr 01, 2023 | 23:41