اسلام آباد+لاہور ( خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر پورے جوش وخروش اور مذہبی رسومات کے ساتھ منایا جہاں گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں میں جشن کا سماں رہا۔ اس موقع پر سخت ترین سکیورٹی انتظامات کر کے ایک سو سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کو ڈیوٹی پر الرٹ رکھا گیا اور ایلیٹ فورس اور محافظ سکواڈ کے مسلح جوان اطراف میں گشت پر مامور رہے۔ اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے جوانوں نے خدمات سر انجام دیں۔ اس حوالہ سے دعائیہ تقریبات میں ملک و ملت کی سلامتی، استحکام، بقاء اور بھائی چارے کی دعا کی گئی۔ فول پروف سکیورٹی انتظامات میں شرکت کرنے والے مرد و خواتین، گاڑیوں، موٹر سائیکلز کو مکمل چیکنگ کے بعد آنے دیا گیا۔ جہاں چیکنگ کے لئے اہم پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال تھا اور گرجا گھروں پر خواتین کی شرکت پر چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس کی ڈیوٹی لگائی گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے، مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، انہوں نے ملکی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان، ملکی ترقی میں مسیحی برادری کے اہم کردار پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مسیحی برادری ملکی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔