سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے‘ عوام کو فوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایک سے دو سال میں ملک کے معاشی حالات درست ہوں گے اور عوام کو بھرپور ریلیف ملے گا۔ بڑا طبقہ ٹیکس نہیں دیتا جن میں ریٹیلر اور ہول سیلر شامل ہیں۔ ٹیکس صرف چند لاکھ لوگ دیتے ہیں‘ ان میں بھی بڑی تعداد تنخواہ دار طبقے کی ہے۔ تقریباً 26 سو ارب روپے کے ٹیکس کیسز عدالتوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ٹیکس دینے کے بجائے عدالت چلے جاتے ہیں۔ ٹیکس اور بجلی چوری روکنے کی ضرورت ہے۔