نئی دہلی (این این آئی) بھارتی فضائیہ کی نااہلی اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل منظر عام پرآ گیا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق مارچ 2022 ء میں بھارتی فضائیہ کا براہموس میزائل بھارت سے فائر ہو کر پاکستان میں آگرا جس کی وضاحت دینے میں بھارتی حکومت ناکام رہی اور مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی۔ بھارتی فضائیہ نے براہموس میزائل حادثے کے حوالے سے دہلی ہائیکورٹ میں اپنا جواب جمع کرا دیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ براہموس میزائل کے کمبیٹ کنیکٹرز جنکشن باکس کے ساتھ جڑے رہنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا تھا۔ بھارتی فضائیہ کی جانب سے یہ جواب دہلی ہائی کورٹ میں ونگ کمانڈر ابھینو شرما کی طرف سے دائر درخواست کے جواب میں داخل کیا گیا ہے۔ ونگ کمانڈر ابھینو شرما نے دہلی ہائی کورٹ میں دائردرخواست میں ایئر کموڈور اور سکواڈرن لیڈر پر حفاظتی احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ بھارتی فضائیہ نے تحریری جواب میں سارا ملبہ بھارتی جنگی عملے پر ڈال دیا اور کہا کہ کانوائے موو سے پہلے جنگی عملہ براہموس میزائل کے کمبٹ کنیکٹرز کو جنکشن باکس سے علیحدہ کرنے اور موبائل لانچر کمانڈر کو جنگی میزائل لانچ کرنے کے غیر محفوظ عمل کے ارتکاب سے روکنے میں ناکام رہا۔
2022: بھارتی فضائیہ کی نااہلی‘ میزائل پاکستان میں گرنے کا ذمہ دار عملہ کو ٹھہرا دیا
Apr 01, 2024