غزہ : مزید 77فلسطینی شہید : چین جنگ بندی کیلئے سرگرم لڑائی کی جائے پوپ

Apr 01, 2024

غزہ‘ قاہرہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) غزہ میں اسرائیلی فوج کے سفاکانہ حملے جاری ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹوں میں مزید 77 فلسطینی شہید کر دیئے گئے۔ غزہ سے فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کی جانب سے جاری جنگی جرائم کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار 782 ہو گئی ہے۔ اب تک 75 ہزار 298 فلسطینی زخمی ہوئے۔ الشفاء ہسپتال میں 13 روز سے جاری محاصرے میں 400 افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے 2 فلسطینیوں کو شہید کر کے کچرے  کے ڈھیر میں دبا دیا۔ امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ سے 17 شہید‘ 30 زخمی ہو گئے۔ مغازی پناہ گزین کیمپ میں 3 شہید ہوئے۔ چین بھی غزہ میں جنگ بندی کیلئے میدان میں آ گیا۔ چینی سفارتکار نے مصر‘ فلسطین‘ اسرائیل اور قطر کا دورہ کیا۔ چینی سفارتکار نے عرب لیگ اور حماس کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ چینی سفارت کار نے کہا کہ غزہ تنازعہ کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ قاہرہ نے غزہ پر جاری مذاکرات کے تناظر میں امریکہ سے کئی مطالبات کیے ہیں، جن میں رفح پر اسرائیلی حملے کی تیاری کے لیے غزہ کے ساتھ اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے فنڈنگ اور حفاظتی سامان فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ پوپ فرانسس نے ایسٹر کے پیغام میں غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ ایک بار پھر اپیل کرتا ہوں غزہ میں انسانی امداد کی رسائی یقینی بنائیں۔ غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کی جائے۔ جنگ زدہ علاقوں کے بچے مسکرانا بھول گئے ہیں۔

مزیدخبریں