پشاور میں پی ٹی آئی ریلی ، بدنظمی عید کے بعد عمران کی رہائی کیلئے سڑکوں پت نکلیں گے بیرسٹر گوہر

Apr 01, 2024

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی چیئرمین کے تمام کیسز کو سیاسی قرار دے دیا۔ ججوں سے اظہار یکجہتی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے نکالی گئی ریلی سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں نے خطاب کیا۔ ریلی سے خطاب کرنے والوں میں فیصل جاوید اور شیر افضل مروت بھی شامل تھے جبکہ سیکرٹری جنرل عمر ایوب، اعظم سواتی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عدلیہ کی آزادی لازمی ہے، بانی پی ٹی آئی کے سارے کیسز سیاسی ہیں، وہ جلد باہر ہوں گے۔ عید کے بعد بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پر بنائے گئے سارے کیسز جعلی ہیں۔  فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔ کراچی میں سی ویو پر خرم شیر زمان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ دریں اثناء پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی بدنظمی کا شکار  ہوگئی۔ ریلی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کی تقریروں میں مداخلت کی گئی۔ بیرسٹرگوہر کے خطاب کے دوران شیر افضل مروت اور فیصل جاوید نے بھی تقریر شروع کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر، شیر افضل مروت کو تقریر کے لیے مائیک دینے کے لیے منتیں کرتے رہے جبکہ عمرایوب بھی شیر افضل مروت سے مائیک لینے میں ناکام رہے۔ بیرسٹر گوہر کی تقریر کے دوران فیصل جاوید اور  شیر افضل مروت نے دوبارہ تقریر شروع کردی۔ تقریر کا موقع نہ ملنے پر بیرسٹر گوہر تقریر پوری کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے جب کہ بے نظمی کے باعث عمر ایوب بھی اپنی تقریر مکمل نہ کرسکے۔  یاد رہے پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے لیے  آج پشاور میں ریلی نکالنے اور  اگلے ہفتے اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں