اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) شانگلہ خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے چینی انجینئرز کی میتیں گزشت رات چین روانہ کر دی گئیں۔ وزارت اوورسیز اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر چودھری سالک حسین میتیں لے کر رات دس بجے چین روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل چینی انجینئرز کے لئے نور خان ایئربیس پر مختصر تعزیتی تقریب ہوئی۔دیامر کے ڈپٹی کمشنر عارف احمد نے کہاہے کہ بشام حملے کے بعد دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ پر کام معطل کرنے والے چینی ورکرز اور انجینئرز 2 دن کے اندر اپنے فرائض دوبارہ سر انجام کرنا شروع کر دیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔عارف احمد کے مطابق ڈیم سائٹ پر پولیس، گلگت بلتستان اسکائوٹس اور واپڈا کی سیکیورٹی فورس کے ایک ہزار 400 سے زائد سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
شانگلہ خودکش حملہ میں ہلاک چینی انجینئرز کی میتیں وطن روانہ
Apr 01, 2024