اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دے دیا اور خط لکھ کر دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور گرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند قرار دیا۔ شہباز شریف نے خط میں کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملک توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں مل کرکام کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھاکہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور گرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے۔ خط میں وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے ساتھ عالمی امن وسلامتی کیلئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور خطے کی ترقی وخوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے بھی مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا تھا اور یہ وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا پہلا خط تھا۔ یہ طویل عرصے کے بعد کسی بھی امریکی صدر کا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا سفارتی خط ہے اور یہ تہنیتی خط پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بحالی کا عندیہ ہے۔
عا لمی امن امریکہ سے مل کرکام کرنے کے خواہاں :وزیراعظم جوبائیڈن کو جوانی خط
Apr 01, 2024