پٹرول 9.66روپے مہنگا،ڈیزل 3.32،مٹی کاتیل2.27روپے لٹرسستا ایل پی جی کی قیمت میں 6.44روپے کلوکمی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے پٹرول کی قیمت میں بھاری اضافہ کیا ہے اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی ہے پٹرول کی قیمت میں نو روپے 66 پیسے فی لٹر اضافہ کیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے 32پیسے فی لٹر کمی کی ہے پٹرول کی قیمت 289 روپے 41 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 282 روپے24 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے ۔ مٹی کا تیل دو روپے 27 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 186 روپے 39 پیسے فی لیٹر مقرر کر دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 38 پیسے فی لٹر کمی کر دی گئی۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 167 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔  آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کا گھریلو سلنڈر سستا کردیا ۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی 6 روپے 44 پیسے فی کلو سستی ہوگئی۔ اوگرا کی جانب سے  ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر  سستا کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوکا گھریلو سلنڈر  76 روپے 9 پیسے سستا کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اپریل کے لیے ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 954 روپے 3 پیسے مقررکی گئی ہے۔ مارچ  میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر  3030 روپے 12 پیسے کا تھا۔پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی برقرار رکھی گئی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل پر 60-60 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی برقرار رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن