لاہور(خصوصی نامہ نگار )الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت 2 ہزار یتیم بچوں،بیوہ خواتین اور اولڈ ایج ہومز میں رہنے والے بزرگ افراد کیلئے گرینڈ افطار اورعیدتحائف کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں شریک بچوں کیلئے جمپنگ کیسل،فیس پینٹنگ، میجک شو اور بچیوں کیلئے مہندی کے سٹال کا خاص اہتمام کیا گیا تھاجبکہ بعد ازاں بچوں ، ان کی ماؤں اور معمر افراد میں عیدی، کپڑے اوردیگر تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، اکرام الحق سبحانی، حماد احمد رشید سمیت یوتھ سوسائٹیز کے نمائندگان، یتیم بچوں،ان کی باہمت ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بزرگوں سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے سر انجام دئیے۔ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 30 ہزار یتیم بچوں کی کفالت پرسالانہ اڑھائی ارب روپے خرچ کررہی ہے۔آرفن کی باہمت ماؤں اور بزرگوں کیلئے مختلف پراجیکٹس کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جاتا ہے۔ایسی تقاریب کا مقصد آرفن بچوں، ان کی باہمت ماؤں اور اولڈایج ہومز میں مقیم بزرگوں میں احساس محرومی ختم کرکے انھیں رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔