مرکزی مسلم لیگ:چوبرجی چوک میں 20 ہزار افراد کی گرینڈ سحری کا اہتمام  

لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کی جانب سے چوبرجی چوک لیک روڈ پر گرینڈ سحری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں گلشن راوی، یتیم خانہ، شام نگر، ساندہ، انارکلی سمیت ہزاروں لوگوں کے گھروں میں سحری پہنچائی گئی۔مرکزی مسلم لیگ کی گرینڈ سحری میں 20 ہزار افراد کیلئے انتظام کیا گیا۔ جبکہ چوبرجی چوک لیک روڈ پر 2 ہزار مرد وخواتین کیلئے باقاعدہ پنڈال سجایا گیا تھا۔ جہاں شہریوں نے اپنی فیملی کے ہمراہ سحری کی۔ گرینڈ سحری میں 200 دیگیں پکائی گئی۔ جس میں، چکن قورمہ، آلو گوشت، حلوہ پوری، پٹھورے، روغنی نان سادہ روٹی اور چائے کا انتظام کیا گیا تھا۔ چوبرجی چوک گرینڈ سحری میں مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، چوہدری محمد سرور، خالد نیک گجر، انجینئر حارث ڈار، معمر رانا، نسیم وکی، قیصر پیا،  ہنی البیلا، آغا ماجد، تصنیف حسین سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں گرینڈ سحری کا اتنا بڑا مشن کبھی کسی نے سرانجام نہیں دیا ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان نے اس ماہ مبارک کو حقیقی خدمت کا رمضان بنا کر اللہ کی خوشنودی اور رضا حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہم عوام کے ساتھ اور عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ کسی صورت قوم کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ معروف اداکار معمر رانا نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ نے رمضان المبارک کی راتوں میں زندہ دلان لاہور کیلئے رونقیں لگا دی ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن