لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس کی جانب سے ایسٹر کے موقع پر شہرکے622 گرجا گھروں کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے۔اس ضمن میں مسیحی عبادت گاہوں کیساتھ ساتھ تفریحی مقامات کیلئے بھی سکیورٹی فراہم کی گئی۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ فیلڈ افسران مسیحی عبادت گاہوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہے۔ گرجا گھروں اور تفریح گاہوں کے گردونواح میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں مسیحی عبادت گاہوں کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔ لاہور پولیس نے ایسٹر کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فرض شناسی اور جانفشانی کے ساتھ ڈیوٹی سر انجام دی۔