لاہور(نیوزرپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ مسیحیوں کیلئے ایسٹر خوشیوں کا تہوار ہے۔ ایسٹر کے فلسفہ میں انسانیت سے محبت کا پیغام شامل ہے۔ پاکستان میں صحت اورتعلیم سمیت مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی گرانقدرخدمات ناقابل فراموش ہیں۔پاکستان میں ہمیشہ ان کی خدمات کا اعتراف کیاجاتا ہے۔ پوری قوم ایسٹر کے موقع پر اپنے مسیحی بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ پروفیسر الفریدظفرنے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کی دن رات نگہداشت اور علاج گاہ کو مریض دوست بنانے کے ساتھ صاف ستھرا رکھنے میں مسیحی ملازمین ہمیشہ پیش پیش نظر آتے ہیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ قومی ترقی میں ان کی خدمات ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔ ایم ایس پروفیسر ندرت سہیل نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار محبت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے ایسٹر کے تہوار پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ساری انسانیت کا خالق و مالک ایک ہی ہے۔ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور ڈپٹی چیف نر سنگ سپرنٹنڈنٹ شاذیہ کوثر کہا کہ ہمیں سب سے پہلے انسانیت کو اہمیت دیناہوگی۔