یوم علیؓ ‘شرکاء کی گاڑیوں کیلئے 8پارکنگ مقامات مختص کر دیئے : سی ٹی او

لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے یوم شہادت حضرت علیؓ 21 رمضان المبارک کے جلوس کے موقع پرٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کردیاہے۔جلوس مبارک حویلی اندرون اکبری گیٹ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ سی ٹی او عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ  شرکاء کی گاڑیوں کیلئے 8 پارکنگ مقامات مختص کئے گئے ہیں، ایس پی سٹی شہزاد خان انتظامات کی  سپرویژن کریں گے،4 ڈی ایس پیز، 119 انسپکٹرز اور 696 وارڈنز، 10 فوک لفٹرز اور 2 بریک ڈاؤن تعینات کردئیے گئے ہیں۔ آزادی فلائی اوور سے تمام ٹریفک کو ریلوے اسٹیشن کی جانب بھجوایا جائیگا، آزادی فلائی اوور سے جانب بھاٹی چوک سڑک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا، مال روڈ،سیکرٹریٹ سے آنے والی ٹریفک کو کچہری چوک سے جانب آؤٹ فال روڈ سگیاں ڈائیورٹ کیا جائیگا۔

، سرکلر روڈ کی طرف سے آنیوالی ٹریفک کوشاہ عالم چوک سے جانب میو ہسپتال،اردو بازار بھجوایا جائیگا، موری گیٹ جانب بھاٹی چوک سڑک مکمل طور پر بند ہوگی جبکہ کچہری چوک سے جانب کربلا گامے شاہ لوئر مال روڈ ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔ پانی والا تالاب کی جانب سے رنگ محل ٹریفک کیلئے سڑک بند رہے گی۔ چوک میلاد سے اندرون دہلی گیٹ جانب مسجد وزیر خان سڑک بند ہوگی،مستی گیٹ، ٹرن شاہی قلعہ اور علی پارک سے جانب ٹیکسالی سڑک بند ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن