5کلو میٹر روٹ کی258گلیاں خار دار تاریں لگا کر مکمل طور پر بند 

Apr 01, 2024

لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہورسید علی ناصر رضوی نے کہاہے کہ یوم شہادت حضرت علیؓکے موقع پرفول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیاہے۔لاہور پولیس کے 5ہزارسے زائد اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔10ایس پیز،23ایس ڈی پی اوز،81ایس ایچ اوز،252 اَپر سب آرڈینیٹس سمیت 149لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔ 5کلو میٹر روٹ میں آنے والی258گلیاں خار دار تاریں لگا کر مکمل طور پر بند ہونگی۔سیف سٹی اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنرآفس کے کنڑول روم سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائیگی۔ شرکاء کو واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے جامعہ تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی۔


حساس اداروں سمیت پولیس فورس کے سادہ کپڑوں میں جوان تعینات ہونگے۔فزیکل بیرئیر سمیت الیکٹرانک بیئریئرزبھی نصب کئے جائیں گے۔ جلوس کے روٹ پربلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے۔ شرکاء کی گاڑیوں کیلئے پارکنگ کے علیحدہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو افطاری پوائنٹس پر پہنچائی جائیگی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی کی زیر صدات اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹر کی مناسبت سے پارکوں، شاپنگ مالز کی سکیورٹی الرٹ رکھی جائے۔گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف گشت کو یقینی بنایا جائے۔مرکزی جلوس کے روٹ کی سیف سٹی کے کیمروں سے مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ مرکزی جلوس کے روٹ سے ملحقہ بلند عمارتوں پر ڈیوٹی موجود ہونی چاہئے۔روٹ پر پکٹس لگائیں اور ڈولفن اور پیرو ٹیموں کے گشت کو یقینی بنایا جائے۔ پتنگ بازی میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ موٹر سائیکل پر پروٹیکٹو سیٹی وائر لگائی جائیں۔اہم شاہراؤں پر ناکہ بندی کی جائے اورسیفٹی وائرز کے متعلق شہریوں کو آگاہی بھی دی جائے۔ بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں لیسکو کی بھرپور معاونت کریں۔چینی ماہرین، شہریوں اور دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی میں کوئی کثر اٹھا نہ رکھی جائے۔غیر ملکی باشندوں کی مومنٹ اور رہائش گاہوں پر تعینات جوان ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ سکیورٹی میں غفلت، لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے۔ ون ویلرز کیخلاف کریک ڈاؤ ن کرنے اور متعلقہ ہاٹ سپاٹ ایریازپر ناکہ بندی کا بھی حکم دیا۔

مزیدخبریں