ٹرمپ نے صدر جو بائیڈن کی  ہتک آمیز ویڈیو شیئر کر دی 

واشنگٹن(این این آئی) امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ صدر جو بائیڈن کی ہتک آمیز ویڈیو شیئر کر دی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بعد سے ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق اس ویڈیو میں 2 پک اپ ٹرکس کو ایک ہائی وے پر چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے جن پر ٹرمپ کے حامی ہونے کے نشانات اور جھنڈے لگے تھے اور ساتھ ہی دوسرے ٹرک کے پیچھے جوبائیڈن کی تصویر دکھائی گئی جس میں انہیں رسیوں سے باندھا دکھایا گیا ہے جیسے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہو۔دوسری جانب جو بائیڈن کی دوبارہ صدارتی انتخابی مہم کے دوران کہا گیا ہے کہ ریپبلکن امیدوار ٹرمپ کی زبان میں تلخی زیادہ ہو گئی ہے جو تشدد کا باعث بن سکتی ہے۔جو بائیڈن کے ترجمان مائیکل ٹائلر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کو گھٹیا پن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ باقاعدگی سے سیاسی تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ لوگ اسے سنجیدگی سے لیں، صرف کیپیٹل پولیس افسران سے پوچھیں جن پر 6 جنوری کو ہماری جمہوریت کی حفاظت کرتے ہوئے حملہ کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن