پشاور+لاہور(نیٹ نیوز+ نامہ نگاران ) سرگودھا + میانوالی+ کمالیہ+ سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) سرگودھا ‘ میانوالی گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید آندھی کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ۔ موسیٰ خیل، بن حافط جی، چکڑالہ، پپلاں، کندیاں، نمل، ابا خیل وغیرہ میں شدید ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم سرد ہو گیا جبکہ ژالہ باری سے کئی مقامات پر فصلات کو شدید نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ میانوالی کے نواحی علاقے احمد خان والا، غلبلیاں والا اور موسیٰ خیل میں موسلادھار بارش اور غیر معمولی ژالہ باری سے سینکڑوں ایکڑ رقبے پر کروڑوں روپے مالیت کی گندم سمیت دیگر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے علاقے کو آفت زدہ قرار دے کر غریب کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیالکوٹ میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ریلوے لائنوں، ماڈل ٹاؤن، پکا گڑھا، نیا میانہ پورہ، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ، عالم چوک، شہاب پورہ، ڈیفنس روڈ اور ملحقہ علاقوں کے روڈز اور گلیوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہری پریشانی کا شکار رہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق تباہ کن بارش اور ژالہ باری کے باعث خیبر پی کے کے مختلف اضلاع میں تباہی سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 12 دیگر زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا مرنے والوں میں 8 بچے اور دو خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 9 بچے، 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔ 27 میں سے 3 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 24 کو جزوی نقصان پہنچا، شانگلہ میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، دو مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔بنوں میں مکان کو نقصان پہنچانے کے ساتھ 3 بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ باجوڑ میں بھی جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئیں، ایک خاتون اور ایک بچہ جاں بحق، دو زخمی، اور 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔مانسہرہ میں ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی اور تین گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ مومند، مردان اور وزیرستان میں متعدد مکانات متاثر ہوئے۔
پنجاب: کئی شہروں میں بارش، ژالہ باری، میانوالی میں فصل گندم تباہ
Apr 01, 2024