سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی جارحیت کے ساتھ ساتھ مذہبی تعصب کا نشانہ بنا رہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیرکے عوام نے اپنے سیاسی حقوق کے حصول کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اگلی نسلوں کی بہتری کے لئے اپنے مطالبے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے متحد ہوں۔حریت ترجمان نے ممتاز آزادی پسند رہنما اشفاق مجید وانی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری قتل و غارت کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیرکا حل نہ ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر نے کشمیری عوام کا سکون چھین لیا ہے جو مسلسل غیر یقینی صورتحال میں جینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی قیادت خلوص نیت سے جموں و کشمیر میں امن چاہتی ہے تو اسے پاکستان اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تنازعے کا حل تلاش کرنا چاہیے اور اس حل میں کشمیریوں کی امنگوں کی عکاسی ہونی چاہیے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔