عدالتی معاملات میں دھونس دھاندلی انتہائی شرمناک: حسن مرتضیٰ

Apr 01, 2024

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے پاکستان میں ہر 10برس بعد نیا لاڈلا آ کر الیکشن چراتا ہے۔ ہم نے قومی، مالیاتی ایوارڈ کے ذریعے جگہ بنائی جو ایک جھٹکے سے چھین لی گئی۔ عدالتی معاملات میں دھونس دھاندلی انتہائی شرمناک ہے۔ مداخلت روکنے کے لیے سیاسی کارکن کے طور پر پارلیمانی کمشن بنانے کا مطالبہ کرتا ہوں، انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ سٹیج آ گئی ہے کہ سب سٹیک ہولڈر مل بیٹھیں، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ الیکشن چوری ہونے کے تمام راستے روکیں تاکہ مینڈیٹ چوری کی آوازیں رُک سکیں، جو آج آوازیں اُٹھا رہے ہیں۔ یہ زیادتی 2013,,2018ء میں بھی ہوئی تھی، ہر مرتبہ دھاندلی ہوتی ہے مگر طریقہ واردات تبدیل ہو جاتا ہے۔ قوم کے ساتھ یہ بھیانک مذاق ختم ہونا چاہیے۔ وہ پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عثمان ملک، رانا عرفان، میاں ایوب، رائے شاہجہان بھٹی، چودھری اختر علی، احسن رضوی، ڈاکٹر خیام حفیظ اور خاور ناہید موہل کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ این اے 127میں شکست کے حوالے سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے، الیکشن 2024ء پر وائٹ پیپر شائع کریں گے۔ ہمارا ووٹ بنک بڑھا ہے۔ یہ الیکشن ہم سے چرایا گیا ہے اس کی تہہ تک پہنچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایگزیکٹو کی زوم میٹنگ میں بہت سے پارٹی معاملات زیر بحث آئے، عکس بینظیر آصفہ بھٹو زرداری کو بلا مقابلہ اور صدر آصف زرداری کو دوسری مرتبہ صدر بننے پر مبارکباد کے ساتھ مسیحی بھائیوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہیں۔ وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید کی برسی تقریبات رمضان کے باعث 4کی بجائے 14اپریل کو ہونگی۔ پاکستان کو درپیش دہشت گردی اور معاشی مشکلات پر زوم میٹنگ میں غور کیا گیا۔ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے واقعات پر اظہار تشویش کرتی ہے۔ ملک میں امن کیلیے پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن خود بھی نشانہ بنے ہیں۔ اس انتہا پسندی اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا انتخابی عمل مکمل ہونے کو ہے۔ ایک دو روز میں سینٹ الیکشن بھی مکمل ہو جائیں گے۔

مزیدخبریں