فیروزوالہ (نامہ نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک مبشر ندیم خان نے زیادتی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اس میں ملوث ملزم خرم خانہ بدوش کو 10 برس قید بامشقت اور 30 ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ مجرم کو جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید بھی بھگتنا پڑے گی۔ استغاثہ کے مطابق دو سال قبل مجرم فیصل آباد روڈ کی آبادی چونگی پھاٹک کہ قریب خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں رہتا تھا جہاں پر ایک معمر خاتون آئی جس کی ٹانگوں کو چوٹیں لگی ہوئی تھیں اور وہ ہسپتال جانے کے لیے رکشہ کا انتظار کر رہی تھی۔ مجرم اسے زبردستی پکڑ کر اپنی جھگی میں لے گیا اور اسے جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، بعدازاں فرار ہو گیا۔ تھانہ بھکی پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر مجرم خرم خانہ بدوش کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان مکمل کر کے فاضل جج کے روبرو پیش کیا تھا۔