حلب (آئی این پی) شام کے شمالی صوبہ حلب کے ایک پرہجوم بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکیہ کی سرحد کے قریب صوبہ حلب کے قصبے عزاز کے مرکزی بازار میں بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں قریبی عمارتیں تباہ ہوگئیں جبکہ قریبی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ تاہم اب تک کسی بھی تنظیم یا گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دھماکے کے وقت بازار میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو اپنے بچوں کے لیے عید الفطر کی تیاری کے لیے نئے کپڑے خرید رہے تھے۔ شام میں رضاکارانہ امدادی گروپ، وائٹ ہیلمٹس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔