حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) نواحی قصبہ سندھواں تارڑ میں بجلی کا ٹرانسفامر جل جانے سے آدھے سے زائد گائوں کی بجلی گذشتہ دودن سے بند چلے آنے کے خلاف علاقہ مکین گیپکو کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ علاقہ مکینوں اور صارفین نے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد قاسم تارڑ کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفارمر جلے دودون ہوچکے ہیں جس سے آدھے سے زیادہ گائوں کی بجلی بند ہونے سے گائوں تاریکی میں ڈوبا ہوالیکن گیپکو کے افسران کے کان پر جوں تک نہ رینگ رہی ہے اور رمضان المبارک کے مہینہ میں لوگوںکے لئے سحری کرنا بھی محال بن چکا ہے۔ انہوں نے گیپکو چیف سے مطالبہ کیا کہ سندھواں تارڑ میں فوری طور پر نیا ٹرانسفارمر نصب کرکے گائوںکی بجلی بحال کی جائے۔