پاکستان میں اس سال بھی رمضان کا آغاز اختلافات کا شکار ہوگیا۔ قبائلی علاقوں شمالی اورجنوبی وزیرستان، خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی ،باجوڑسمیت پشاور چارسدہ ، صوابی میں مقامی رویت ہلال کمیٹی نے اٹھائیس شعبان کو ہی چاند نظر آنے کی شہادتوں پرآج پہلے روزے کااعلان کردیا جس کے بعد بیشتر علاقوں میں شہریوں نے سحری کا ہتمام کیا ۔ پشاورکی مسجد قاسم خان میں چاند نظرآنےکی چھ شہادتیں موصول ہونے پرمقامی رویت ہلال کمیٹی کا ہنگامی اجلاس مفتی شہاب الدین کی صدارت میں ہوا جس میں انہوں نے طویل مشاورت کےبعد پیر کو روزے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مفتی شہاب الدین پوپل زئی کا کہنا تھا کہ پانچ مردوں اور ایک خاتون کے علاوہ چاند دیکھنے والوں کی شہادت دینے والوں میں علما بھی شامل ہیں جس کے بعد پیر کو روزہ رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ ادھرخیبرپختونخوا کے وزیرمذہبی امور نمروز خان نے کہا ہے کہ مسجد قاسم علی خان اور مقامی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے روزے کا فیصلہ ان کا اپنا ہے، صوبائی حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے،دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس آج مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ہوگا ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بیشترعلاقوں میں مطلع صاف ہو گا آج رمضان المبارک کاچاندنظرآنے کاامکان ہے ۔