لندن اولمپکس کے مینزہاکی ایونٹ میں آج پاکستانی ٹیم ارجنٹائن کے خلاف مدمقابل ہوگی،نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے دیا۔

لندن کے ریوربینک ایرینا میں پاکستان اور ارجنٹائن کی ہاکی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور ہالینڈ نے اپنے حریفوں کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ ایونٹ کے پول بی میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو تین ایک سے شکست دے کرٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔ بھارت کی جانب سے سندیپ سنگھ نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ کھیل کے تیرہویں منٹ میں کیوی کھلاڑی اینڈریوہیورڈ نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر حریف ٹیم کی برتری ختم کردی۔ چوبیس ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کےفلپ بروز نے پنالٹی سٹروک پر گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی۔ پانچ منٹ بعد ہی نک ولسن نے بھی گول کرکے نیوزی لینڈ کا سکور تین ایک کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔ بھارتی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا نے یک طرفہ مقابلے میں سپین کو پانچ صفر سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ پول بی کے دوسرے میچ ہالینڈ نے بیلجئیم کو ایک کے مقابلے میں تین گولز سےشکست دی۔

ای پیپر دی نیشن