مہمند ایجنسی: بارودی سرنگ دھماکہ میں امن کمیٹی کے رہنما جاںبحق‘فورسز کے آپریشن میں 26 افراد گرفتار ، متنی میں چھاپے کے دوران 100 کلو بارودی مواد برآمد

مہمند ایجنسی + پشاور(آن لائن/ نوائے وقت رپورٹ) مہمند ایجنسی دویزئی میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں امن کمیٹی کے رہنما حاجی صاحب خان موقع پر جاںبحق ہو گئے جبکہ پولیٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں 26 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ رپورٹ کے مطابق منگل کی شام افطاری کے وقت تحصیل پنڈیالی دویزئی اپی کور میں ایک بارودی سرنگ دھماکہ کے نتیجے میں مقامی امن کمیٹی کے ایک اہم رہنما ملک صاحب خان دویزئی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 26 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں متنی میں فرنٹیئر روڈ پر سکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کر 100 کلو گرام بارودی مواد برآمد کرلیا۔ گاڑی سے 800 ڈیٹونیٹر اور 600 سیفٹی فیوز بھی برآمد کر لئے گئے۔ ایس پی شفیع اللہ کے مطابق 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن