لاہور (پ ر) شہادت علیؓ کے دن شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین مردوخواتین سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آقائے دوجہاں نے خود کو علم وحکمت کا شہر اور حضرت علیؓ کو اس کا دروازہ قرار دیا ہے۔ حضرت علیؓ شیر خدا علم وحکمت اور بصیرت کے وہ عظیم رجل ہیں جن کے ارشادات سے انسانیت ہمیشہ رہنمائی لیتی رہے گی۔ امت مسلمہ کیلئے حضرت علیؓ کی ذات ومعرفت کا خزینہ ہے۔ انہوں نے کہا لوگو چاہتے ہو کہ دین کا نور نصیب ہو تو لذت دنیا سے منہ موڑ لو کیونکہ دنیاوی لذت اور علم و معرفت ایک دل میں جمع نہیں ہو سکتے۔ علم مال و دولت سے بدرجہا بہتر ہے کیونکہ دولت کی حفاظت بندے کو کرنا پڑتی ہے جب کہ علم ہر مقام پر بندے کی حفاظت کرتا ہے۔