عید سے پہلے ”ڈرون حملہ“ کیا گیا، پارلیمنٹ میں احتجاج کرینگے: اپوزیشن جماعتیں

Aug 01, 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر+ سپیشل رپورٹر+ ایجنسیاں) سیاسی ومذہبی جماعتوں نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسلم لیگ کی حکومت کا غریب عوام کیلئے ”عید کا تحفہ“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی پر سبسڈی ختم کرنا حکمرانوں کی آئی ایم ایف کی غلامی کا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ کی حکومت کے اقدام عوام دشمن حکومت کے اقدامات ہیں‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنیوالے حکمرانوں نے بجلی کی قیمت آسمان تک پہنچا دی‘ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی اور بیروزگاری کا سیلاب لائیگا‘حکمران بتائیں کہ وہ انتخابی مہم میں قوم کو ریلیف دینے کے جھوٹے وعدے کیوں کرتے رہے ہیں‘ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شدید احتجاج کریں گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان‘ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سبطین خان نے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ اقتدار میں آنے سے پہلے غریب عوام کو ریلیف دینے کا ڈھنڈرا پیٹتی رہی لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ہر روز غریب عوام پر مہنگائی کا بم برسایا جا رہا ہے جو انتہائی ظالمانہ اقدام ہے اور تحریک انصاف اسکے خلاف پارلیمنٹ میں احتجاج کریگی۔ جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ اور پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ حکمران بتائیں کہ وہ غریب عوام سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیںجتنی مہنگائی گزشتہ پانچ سال میں ہوئی لگتا ہے موجودہ حکمران وہ چند مہینوں میں ٹارگٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں‘ جب تک حکمران آئی ایم ایف کی غلامی میں رہیں گے مہنگائی کے سیلاب کو روکنا ممکن نہیں بجلی پر سبسڈی ختم کرنا آئی ایم ایف کی غلامی کا ثبوت ہے جس کیخلاف پارلےمنٹ مےں احتجاج کر ےنگے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل لطیف کھوسہ‘ پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو پنجاب اسمبلی میں سابق چیف وہب حسن مرتضیٰ نے پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو حکمرانو ں کا ظالمانہ اقدام اور غریب عوام کو عید پر مہنگائی کا تحفہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے اس ظالمانہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لے اور عوام کو ریلیف دیا جائے ورنہ پےپلزپارٹی اس اقدام کے خلاف پارلےمنٹ مےں احتجاج کر ےگی۔ جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے حکومت سے مطالبہ کیا وہ پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے کیونکہ ان دونوں فیصلوں سے ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا وہ سیلاب آئیگا جس سے غریب آدمی بچ نہیں سکے گا، حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو اسکے خلاف پارلیمنٹ میں احتجاج بھی کیا جائے گا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا میں حکومت کے دونوں فیصلوں کے خلاف پارلیمنٹ میں شدید احتجاج کروں گا اور میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ اسحاق ڈارمسلم لیگ (ن) کی حکومت کی تباہی کا سبب بنیں گے کیونکہ وہ تمام فیصلے آئی ایم ایف کی مرضی کے مطابق کر رہے ہیں۔ جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق‘ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ ساجد میر اور سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے بھی پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی اور کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں حکمران غریبوں کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید مہنگائی کا بوجھ مسلط کررہے ہیں جو غریبوں کے ساتھ ظلم اور ذیادتی ہے۔ (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین‘ مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ نے بھی بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کی اور کہا حکومت کے یہ دونوں فیصلے غریب عوام کیلئے مزید مسائل پیدا کریں گے، حکومت کو ان فیصلوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور فوری طور پر اضافوں کو واپس لیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے حکومت کی طرف سے سی این جی ، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عید کے موقع پر عوام کی خوشیوں پر ڈرون حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے آئے روز آنے والے منی بجٹ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ سالانہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمارکے بعد بھی حکومت نے بجلی، پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کو معمول بنالیا ہے جس سے غریب کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور اب تیل کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لٹر اضافہ کرکے وہ عوام کو مہنگائی کے ایک نہ ختم ہونے والے سیلاب کے اندر دھکیلنا چاہتی ہے تاکہ غریب کے تن پر موجود کپڑے بھی اتار لئے جائیں۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے تمام کاروبار زندگی مفلوج کردیا ہے۔ حکومت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو لوگ بہت جلد سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ بلاول ہاو¿س کے ترجمان اعجاز درانی نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں مزید اضافے کو عید کا خوفناک تحفہ اور نئی پاور پالیسی کے اعلان کو عوام کیلئے پھانسی کا پھندا قرار دیا۔ ترجمان نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی پریس کانفرنس کو کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف بجلی چوری کا الزام عوام پر عائد کر کے بددیانتی اور نا انصافی کی نئی مثال قائم کررہے ہیں۔ بجلی کی چوری کو روکنے کی ذمہ داری عوام پر نہیں حکومت پر عائد ہوتی ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کے وزیر اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کیلئے عوام پر پھانسی کا پھندا ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ سراسر جھوٹ ہے کہ رمضان المبارک کے دوران سحری، افطاری اور نمازوں کے اوقات میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی۔حالانکہ عوام اور میڈیا اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں دو سو فیصد سے بھی زائد اضافہ کردیا گیا۔پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے، قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو عید کا تحفہ دیا گیا۔ قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔

مزیدخبریں