لاہور(کامرس رپورٹر)پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے سٹاف اور مریضوں میں عید تحائف تقسیم کیے ہیں ۔ انجمن تاجران آٹوپارٹس کے اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر وقار احمد میاں، عبدالغفار خان، اطہر فرید مغل، چودھری ذیشان، ملک عبدالغفور اور تاجرو ںکی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی جنہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انجمن تاجران آٹو پارٹس اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر وقار احمد میاں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل رکھنے والے لوگ عید کے پرمسرت موقع پر اپنے ان بہن بھائیوں کو ضرور یاد رکھیں جو غربت اور افلاس کی وجہ سے بدحالی کا شکار ہیں۔ وقار احمد میاں نے کہا کہ عوام کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے لیکن حکمرانوں نے عوام کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف پر زور دیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں ۔