سائوتھمپٹن (آئی این پی)بھارتی فاسٹ بولر پنکج سنگھ پہلے ٹیسٹ میں منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے۔ ڈیبیو ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز دیکر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ بھارتی فاسٹ بولر پنکج سنگھ کو ساؤتھمپٹن میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ٹیسٹ کیپ دی گئی۔پنکج سنگھ پہلے ہی ٹیسٹ میں منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے۔ انتیس سالہ فاسٹ بولر نے ستتر فرسٹ کلاس میچوں میں تین سوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لیکن ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگ میں کوئی وکٹ نہ لے سکے اور ڈیبیو ٹیسٹ میں بغیر وکٹ کے سب سے زیادہ رنز دینے والے بولر بن گئے۔ انہوں نے پاکستان کے سہیل خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔سہیل خان نے دوہزارنو میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں ایک سو چونسٹھ رنز دے کر کوئی وکٹ نہیں لی۔پنکج سنگھ نے ساؤتھمپٹن کی پہلی اننگ میں تینتیس اوورز کرائے اور ایک سوچھیالیس رنزدیئے۔ رویندر جڈیجا نے انکی گیند پر انگلش کپتان ایلسٹر کک کا کیچ ڈراپ کیا۔ دوسری اننگ میں پنکج سنگھ تینتیس رنز دیکر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ اس طرح مجموعی طور پر ٹیسٹ میں انہوں نے ایک سواناسی رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔