کوئٹہ+ پشین نیوز (نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہزارہ برادری کے مزید 2 افراد کو قتل کر دیا جبکہ پشین میں تیزاب پھینکنے سے 6 خواتین جھلس کر زخمی ہو گئیں۔ کوئٹہ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ عمران قریشی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ہزارہ برداری سے تھا جو ہزارہ ٹاؤن سے شہر کی جانب آرہے تھے۔ ایک اور پولیس افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا بظاہر یہ واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔ علاوہ ازیں کالعدم تنظیم جیش الاسلام نے دو افراد کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ کالعدم تنظیم جیش الاسلام کے ترجمان اعظم طارق نے نامعلوم مقام سے فون کے ذریعے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عید کے روز سبزل روڈ پر ہمارے لوگوں نے دو نوجوانوں سید جواد اور ذاکر حسین کو قتل کیا۔ ادھر پشین کے علاقے ٹانگ میں 4 افراد نے گھر میں گھس کر 6 خواتین پر تیزاب پھینک دیا۔ ڈپٹی کمشنر پشین بشیر بازیہ کے مطابق تیزاب پھینکنے سے خواتین کے چہرے محفوظ رہے تاہم ان کی ٹانگیں جھلسی ہیں۔ واقعہ دیرینہ دشمنی کے باعث پیش آیا۔ حملے کے وقت گھر پر کوئی مرد موجود نہیں تھا حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی خواتین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں سے انہیں طبی امداد کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا ہے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ ادھر کوئٹہ سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس سے ریلوے کے دو ملازم زخمی ہو گئے۔ ریلوے ٹریک بھی متاثر ہوا تاہم راولپنڈی سے کوئٹہ آنیوالی اکبر بگٹی ایکسپریس کو روک دیا گیا دھماکہ میں ریلوے ٹریک کی پٹرولنگ پر موجود ریلوے کے دو ملازمین جگر دین اور گمشاد زخمی ہو گئے۔ ٹریک کی مرمت اور سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد اکبر بگٹی ایکسپریس کو دوبارہ کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے ڈاکٹر بانو روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو زخمی کر دیا۔
کوئٹہ/ 2 افراد قتل
کوئٹہ : ہزارہ برادری کے دو افراد قتل‘ پشین میں چھ خواتین پر تیزاب پھینک دیا گیا
Aug 01, 2014