اسلام آباد کے نواح میں افغانوں کی تلاش میں ’’پراسرار‘‘ ٹیموں کا آپریشن، شہری پریشان

اسلام آباد (عاطف خان/ نیشن رپورٹ) اسلام آباد کے نواح میں گرین نمبر پلیٹوں کی گاڑیوں پرسوار سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے افغان شہریوں کی تلاش کا آپریشن شروع کردیا ہے۔ ان کے ساتھ پولیس اہلکار بھی موجود ہیں تاہم ان ٹیموں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ایک خاتون شہری نے بتایا کہ چند افراد نے دستک دیکر گھر کھلوایا اور شناختی کارڈ مانگا۔ شوہر کے گھر پر نہ ہونے کا کہا گیا تو تھوڑی دیر بعد پولیس اہلکار بھی ان کے ساتھ آگئے اور ان سے تفتیش شروع کردی۔ ایک اور خاتون نے بتایا کہ یہ آپریشن کسی خاص آبادی نہیں بلکہ نواح کی تمام بستیوں میں کیا جارہا ہے۔ ان لوگوں کے پاس کچھ آلات ہیں اور گھر کے سربراہوں کے بارے میں تفتیش کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر میں فراڈ کی بڑھتی وارداتوں کے تناظر میں بھی گھروں کے رہائشی ان افراد کو اپنی شناخت بتانے سے ہچکچا رہے ہیں۔ ’’دی نیشن‘‘ کی جانب سے رابطہ کئے جانے پر ان ٹیموں نے اپنی اپنا تعارف نادرا کے ملازمین کے طور پر کرایا جو افغان مہاجرین کی تلاش میں آپریشن میں مصروف ہیں۔

ای پیپر دی نیشن