فلڈ کمشن رپورٹ پر عملدرآمد نہ کرنے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل کمشن کی ر پورٹ پر عمل نہ کرنے کا اقدام چیلنج کرتے ہوئے رپورٹ نظرانداز کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ ہیومن سیفٹی کمشن کے وکیل پیر علی گیلانی نے ہائیکورٹ کے روبرو درخواست میں موقف اختیار کیا کہ 2010ء میں حکومت کی درخواست پر جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل جوڈیشل کمشن تشکیل دیا گیا جس نے سیلاب اور اس کے نقصانات سے بچائو کیلئے سفارشات دیں اور مجرمانہ غفلت کے مرتکب سرکاری افسروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا مگر پنجاب حکومت نے کمشن کی رپورٹ پر عملدرآمد نہیں کیا جس کی وجہ سے اس برس بھی پاکستان بالخصوص اور پنجاب بدترین سیلاب کا شکار ہے۔ درجنوں انسانی جانیں اور فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ کمشن کی رپورٹ پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے اور رپورٹ کونظرانداز کرنے اور غفلت کے مرتکب سرکاری افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ درخواست میں وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری لائیو سٹاک، ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی اور سیکرٹری صحت کو فریق بنایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن