ٹیکس ادا کرنے میں ناکامی پر ڈیفالٹ سرچارج میں 3 فیصد کمی

Aug 01, 2015

اسلام آباد (عترت جعفری) ایف بی آر نے ٹیکس ادا کرنے میں ناکامی پر ڈیفارلٹ سرچارج میں تین فی صد کمی کر دی ہے۔ اس سے قبل ڈیفالٹ سرچارج 18 فی صد کی شرح سے وصول کیا جاتا تھا جو اب گھٹا کر 15 فی صد کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے بجٹ 2015-16ء میں اٹھائے گئے اقدامات کی تشریح کا سلسلہ جاری ہے۔ انکم ٹیکس کی سیکشن 231 بی اور 234 کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ موٹر سائیکل یا آٹو رکشا کی خریداری سے ملکیت منتقلی پر نہیں ہو گا۔ گاڑیوں کی ’’پہلی رجسٹریشن‘‘ کی اصطلاح کی تعریف متعین کر دی گئی ہے۔ فوج کی گاڑیوں کی ’’فسٹ رجسٹریشن‘‘ کی تاریخ کا شمار گاڑی کو ’’تیر‘‘ کا نشان جاری کرنے کی تاریخ سے ہو گا۔ سفارت کاروں یا سفارت خانوں سے خریدی جانے والی گاڑیوں کے لئے فسٹ رجسٹریشن کا شمار اس گاڑی کی دفتر خارجہ میں رجسٹریشن کے تاریخ سے کیا جائے گا۔ سپر ٹیکس کا ریٹ افراد‘ ایسوسی ایشن آف پرسنز اور کمپنیوں کے لئے 3 فی صد اور بنکنگ کمپنیوں کے لئے 4 فیصد ہو گا۔ یہ ٹیکس آئی ڈی پیز کے لئے ہے اور ان افراد یا کمپنیوں پر لگایا گیا ہے جن کی آمدن 50 کروڑ روپے یا اس سے زائد ہے۔ ٹیکس کی وصولی صرف ایک سال کے لئے ہو گی۔ بینکوں ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس ریٹ یکم جولائی 2015ء سے 10 جولائی 2015ء تک 0.6 فیصد رہے گا۔ جبکہ 0.3 فی صد کا اطلاق 11 جولائی 2015ء سے ہو گا۔ بینک اکاؤنٹ سے زکوۃٰ کی منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگے گا۔ اس طرح تمام بنکنگ کمپنیاں‘ مالیاتی ادارے‘ تعلیمی اخراجات کے لئے غیر ملکی کرنسی میں بیرون ملک بھیجی جانے والی رقم کے 5 فی صد کے مساوی ایڈوانس وصول کریں گے۔ تاخیر سے ری فنڈ کی ادائیگی پر ری فنڈ کی رقم پر ایک خاص شرح سے معاوضہ دیا جائے گا۔ جس کا ریٹ ’’فائبر‘‘ بمعہ 0.5 ہو گا۔

مزیدخبریں