پاکستان اور چین کا دشمن ایک ہے‘ اقتصادی راہداری کیخلاف سازشیں پوری قوت سے کچل دینگے : جنرل راحیل ‘ پاک فوج متاثرین سیلاب کیلئے اپنا ایک دن کا راشن دیگی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی فوج کی 88ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چینی عوام اور فوج کو قربانیوں پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر خطاب میں جنرل راحیل نے کہا کہ پاکستان اور چین کا دشمن ایک ہے، آزمائش کی گھڑی میں چین اور پاکستان کی دوستی اور بڑھے گی۔ پاکستان چین دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے اونچی اور سمندروں سے گہری ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ اقتصادی راہداری کے خلاف کسی بھی سازش کو پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری پرکام تیزی سے جاری ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات نہایت مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ آنے والی نسلوں کو فائدہ دے گا۔ پیپلز لبریشن آرمی کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ اقتصادی راہداری کو ہم جس نظر سے دیکھ رہے ہیں، پوری دنیا بھی اس نظر سے دیکھ رہی ہے۔ اقتصادی راہداری پر تعاون پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ جی ایچ کیو میں پاک فوج کی سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس سے خطاب میں جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف اقدامات بھر پور انداز میں جاری رکھے جائیں ۔ صورتحال کے مطابق فوری اقدامات کرکے اس کی اطلاع بعد میں دی جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ ریسکیو اور ریلیف کی کارروائیاں بھر پور انداز میں جاری رکھی جائیں اور اس سلسلہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ پاک فوج مصیبت کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے فوج کا ایک دن کا راشن دینے کا بھی اعلان کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ میں نے خود اقتصادی راہداری منصوبے کی سائٹس کا دورہ کیا ہے۔ پاک چین مسلح افواج میں تعلقات مضبوط ہیں، غیر مستحکم کرنے والی قوتوں کو شکست دیں گے۔ یہ منصوبہ پاک چین تعلقات کی مضبوطی کا اہم ثبوت ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔ دونوں ملکوں کے باہمی تعاون سے خطے میں استحکام آئے گا۔ منصوبے کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ کو ختم کرنا ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ علاقائی استحکام کیلئے پاک چین تعاون ریاستی اور غیرریاستی عناصر کیلئے خرابی پیدا کرنے کی گنجائش ختم کردیگا۔ ایک مستحکم افغانستان سب کے مفاد میں ہے۔ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کا تعاون ہمارے باہمی تعلقات کی علامت ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا جائیگا۔ پیپلز لبریشن آرمی دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے۔
آرمی چیف

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...